مودی کا فالس فلیگ آپریشن؛ غیورسکھوں کا بھارت کیخلاف کھڑے ہونے کا اعلان

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف جعلی میزائل حملوں کے لیے بھارتی پنجاب کی سرزمین کو استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی، جس پر بھارت کے باشعور سکھوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور مزاحمت کا اعلان کر دیا ہے۔

سکھ رہنماؤں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ مودی کے فالس فلیگ آپریشنز کا حصہ نہیں بنیں گے اور اس کی جانب سے پاکستان پر جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ اور عالمی سطح پر تنقید سے بچنے کے لیے پنجاب کو جنگی عزائم کا میدان بنانا چاہتا ہے، جس کی ہر سطح پر مخالفت کی جائے گی۔

سکھ قیادت نے خبردار کیا کہ اگر بھارتی حکومت نے پنجاب کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مودی کی جنگی چالوں کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق سکھ برادری کی یہ دوٹوک پوزیشن اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ بھارت کے اندر سے بھی مودی حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سکھ برادری نے مودی کے جھوٹے بیانیے کو نہ صرف مسترد کیا ہے بلکہ اب وہ خود اس کے خلاف میدان میں آ چکے ہیں۔

سکھ رہنماؤں نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مودی حکومت کی جنگی سازشوں کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی ان کوششوں کی روک تھام کی جائے۔