بھارت کے 3 فوجی اڈوں پر حملہ؟ وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان آگیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی جانب سے تین فوجی تنصیبات پر پاکستانی میزائل اور ڈرون حملے کے دعوے کو بے بنیاد، جھوٹا اور اشتعال انگیز پروپیگنڈا قرار دے کر مسترد کر دیا ہے، بھارتی فوج نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر یہ دعویٰ کیا، لیکن جھوٹے دعوؤں کے باعث بھارتی میڈیا خود جگ ہنسائی کا شکار بن گیا۔

بھارتی فوج نے جمعرات کی رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر دعویٰ کیا کہ پاکستان نے جموں، اُدھم پور (انڈیا کے زیر انتظام کشمیر) اور پٹھان کوٹ (انڈین پنجاب) میں واقع تین فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرونز سے نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا کیونکہ تمام میزائل اور ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا گیا۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبر ایجنسی کی صحافی آزادے مشیری سے گفتگو میں کہا کہ’’میں واضح طور پر اس کی تردید کرتا ہوں، ہم نے ایسا کوئی حملہ نہیں کیا۔ اگر ہم حملہ کریں گے تو سب کو پتا چل جائے گا، ہم حملہ کر کے اس سے انکار نہیں کریں گے۔“

اس جھوٹے بھارتی دعوے کے بعد، کچھ بھارتی نیوز چینلز نے مزید قیاس آرائیاں شروع کر دیں، جن میں کہا گیا کہ پاکستان نے بھوج (ریاست گجرات) سے لے کر کشمیر تک کئی علاقوں پر حملہ کیا ہے۔

اس پروپیگنڈے کو پاکستان کے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سختی سے رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے جھوٹ گھڑ رہا ہے۔