قوم کو خوشی منانی چاہیے ، پاکستان اشتعال انگیزی نہیں چاہتا، امن کا خواہاں ہے: صدر مملکت

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم کو خوشی منانی چاہیے ، پاکستان اشتعال انگیزی نہیں چاہتا، امن کا خواہاں ہے۔ بھارت کی نام نہاد فوجی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے اور بتادیا کہ ہم اپنی خود مختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
صدر آصف زرداری نے پاک بھارت کشیدگی اور جنگ بندی پر بیان دیا اور کہا کہ مجھے پاکستان کی مسلح افواج، پاک بحریہ اور فضائیہ پر ہمیشہ سے یقین رہا ہے۔ ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ہم نے بھارت کی نام نہاد فوجی قوت کو سخت ٹھیس پہنچائی ہے۔ آج ہماری قوم کا عزم بےمثال ہے، یہی عزم ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریہ کو تقویت بخشتا ہے۔ اللہ پر ہمارے ایمان نے حجم میں 5 گنا زیادہ بڑے ملک کے خلاف کھڑے ہونے کی طاقت اور ہمت عطا کی۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف، ایئر چیف، نیول چیف اور تمام افواج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک افواج کی بہادری اور انتھک محنت نے اس جنگ میں ہمیں فتح سے ہمکنار کیا۔ قوم کو خوشی منانی چاہیے اور شہادت پانے والوں کے لیے دعا بھی کرنی چاہیے، پاکستان اشتعال انگیزی نہیں چاہتا، امن کا خواہاں ہے، ہم اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ جنوبی ایشیا ءمیں پائیدار امن کا قیام تنازع کشمیر کے حل میں ہے، جنوبی ایشیا ءمیں امن کا قیام دیگر مرکزی مسائل بالخصوص سندھ طاس معاہدہ کے حل میں ہے۔
شان کا کہنا تھا کہ چین، امریکا، ترکیے، سعودی عرب اور ایران سمیت تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دوست ممالک اس مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔