سعودی عرب کا پاکستان کے لیے جلد مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سعودی عرب نے پاکستان کے لیے جلد مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کردیا ، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید کہتے ہیں کہ آئندہ چند روز میں ایم او یوز پر دستخط ہوں گے اس کے بعد سعودی عرب پاکستان کے لیے اعلان کردہ مالی معاونت جلد فراہم کرے گا . تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ رائل کورٹ سے منظوری اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کا انتظار ہے ، پاکستان کو گہرے اور مضبوط تعلقات کی بنیاد پر ایک عزیز ملک سمجھتے ہیں ، دونوں ممالک کو قریب لانے میں میڈیا کا بہت اہم کردار رہا ہے ، مستقبل میں پاکستان سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ، عمران خان کے گزشتہ تین برس میں سعودی عرب کے 6 دورے ہمارے گہرے تعلقات کے عکاس ہیں .

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کسی بھی برسراقتدار حکومت سے قطع نظر استوار ہوتے ہیں کیوں کہ ہمارا تعلق پاکستانی پرچم ہے سعودی عرب پاکستان کو ایک عزیز اور برادر ملک سمجھتا ہے ، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے . دوسری طرف سعودی عرب سے پاکستان کو ادھار پر تیل و گیس خریداری کی سہولت مل گئی، اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن پاکستان کو ماہانہ کروڑوں ڈالرز فراہم کرے گا ، اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کی جانب سے پاکستان کو ماہانہ 76 کروڑ 15 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا، جو تیل و گیس کی خریداری کیلئے استعمال کیے جائیں گے ، پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان مضاربہ فنانسسنگ معاہدہ پر دستخط کیے گئے ہیں . وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق ادھار پر تیل و گیس کی سہولت فوری طور پر شروع کردی گئی ہے، پاکستان سعودی عرب سے تیل و گیس کی خریداری کرسکے گا ، پاکستان کو سالانہ ڈیڑھ ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہم کی جائے گی ، مالی سہولت کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو کم ہوگا ، اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن سے ملنے والی رقم سے پاکستان خام تیل، ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات، ایل این جی درآمد کرے گا، پی ایس او، پارکو، پاکستان ایل این جی کے لیے درآمد کی سہولت ہوگی . واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے گزشتہ ماہ دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان کیلئے بڑے معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا تھا ، سعودی عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کے لیے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا تھا ، جس کے تحت سعودی فنڈ برائے ترقی کی جانب سے پاکستان سٹیٹ بینک میں تین ارب ڈالر جمع کروائے جائیں گے ، سعودی عرب نے پاکستان کو تیل خریداری میں بھی مدد دینے کا اعلان کیا جس کے تحت پاکستان کو رواں سال تیل خریداری کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر ملیں گے . . .

متعلقہ خبریں