وزیراعظم نے ہر سال 10 مئی کو’’ یوم معرکۂ حق‘‘ منانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکۂ حق‘‘ منانے کا اعلان کردیا۔پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’’ آپریشن بنیان مرصوص‘‘ لانچ کیا جو کامیاب ہوا اور دشمن کے دفاعی نظام کو تباہ کیا۔وزیراعظم نے ہر سال 10 مئی کو یوم معرکۂ حق منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم معرکۂ حق ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے 16 مئی کو افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے اور اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ جمعے کے دن یوم تشکر کے تسلسل میں خصوصی نوافل ادا کریں گے، اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعائیں کریں گے۔دوسری جانب پاکستان نے’’ آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کی تکمیل کا اعلان کردیا۔ بھارت کے ساتھ 22 اپریل سے 9 مئی تک کے معرکے کو ’’معرکۂ حق ‘‘ کا نام دیا گیا جبکہ 10 مئی کی کارروائی’’ آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے تحت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوجی جارحیت اور اپنے شہریوں کے بے رحمانہ قتل کے خلاف انصاف اور بدلہ لینے کا عزم کیا تھا، مسلح افواج نے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیا، بے شمار مدد و نصرت پر اللہ کے حضور انتہائی عاجزی کے ساتھ سجدہ ریز ہیں۔