”آپریشن بنیان مرصوص“کی کامیابی نے قومی یکجہتی کے جذبے کی نئی روح پھونک دی: وزیر اعلیٰ مریم نواز

لاہور ( قدرت روزنامہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ اجلاس کے آغاز میں شرکا ءکو ”آپریشن بنیان مرصوص“کی کامیابی پر مبارکباد دی۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ ”آپریشن بنیان مرصوص“کی کامیابی نے قوم کو نیا اعتماد دیا اور قومی یکجہتی کے جذبہ کی نئی روح پھونک دی۔ محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ دنیا میں پاکستان کی عزت واحترام بڑھا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں پنجاب بھر میں مریضوں کیلئے عالمی معیار کے مطابق بلڈ کی فراہمی کے لیے پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ نے ہرڈویژن میں تھیلیسیمیا سینٹر قائم کرنے کی اصولی منظوری دی۔ 21 ڈسٹرکٹ اور 15 تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں بھی تھیلیسیمیا سینٹر بنیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہیلتھ کے لیے موثر ترین سینٹرل مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور 800 مراکز صحت کی ری ویمپنگ 20جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں صفائی اور سیکیورٹی سروسز کی مؤثر نگرانی کا سسٹم وضح کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں اگلے مالی سال کے مجوزہ پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔مریم نواز ہیلتھ کلینک کے 71 اور پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام کے 75 پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔پنجاب بھرمیں ڈسپینسری، ایم سی ایل سینٹر کی بحالی، ایکوپمنٹ اور فرنیچر کی فراہمی کے پراجیکٹس پیش کیا گیا۔پنجاب میں آکسیجن سمیت دیگر ضروری گیسوں کی تیاری کا پراجیکٹ تیارکر لیا گیا۔ہسپتالوں میں جدید ترین آلات سے مزین ٹراما سینٹر قائم کرنے کی تجویز پر اتفاقِ رائے کیا گیا۔سرکاری ہسپتالوں میں جدید ترین میڈیکل مشینری آپریٹ کرنے کیلئے ٹرینڈ سٹاف کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔