چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہیں، نوابزادہ جمال رئیسانی

یہ قانون نہ صرف کم عمری کی شادیوں کے خلاف موثر رکاوٹ ثابت ہوگا، رکن قومی اسمبلی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل کی منظوری کو ایک “ترقی پسند اور تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون بچوں، خاص طور پر بچیوں کے حقوق اور تحفظ کی سمت ایک مضبوط پیش رفت ہے۔جمعہ کو اپنے بیان میں نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اس اہم قانون سازی میں مثر کردار ادا کرنے پر رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی اور سینیٹر شیری رحمان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اب ایسے حساس اور اہم سماجی مسائل پر سنجیدگی سے اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ قانون نہ صرف کم عمری کی شادیوں کے خلاف موثر رکاوٹ ثابت ہوگا بلکہ ایک محفوظ، تعلیم یافتہ اور بااختیار نسل کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی ہر اس قانون سازی کی حمایت کریں گے جو بچوں، خواتین اور محروم طبقات کے حقوق کی حفاظت کرے ۔