کوئٹہ میں صفائی مہم ناکام، قربانی کی آلائشیں بدبو کا سبب بن گئیں

صفا کوئٹہ منصوبہ بھی ناکام، عوام نے وزیراعلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )عیدالاضحی کے موقع پر کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں قربانی کی آلائشوں کے ڈھیر بدبو اور گندگی کا سبب بن گئے ہیں، جس پر شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ سرکی روڈ، ڈبل روڈ، سریاب روڈ، اسپینی روڈ، بروری روڈ اور رئیسانی روڈ سمیت متعدد علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات نے حکومت کے دعوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن (QMC) کو عملے اور مشینری کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ شہر کی 40 لاکھ آبادی کے لیے صرف 800 صفائی کارکن موجود ہیں جبکہ گزشتہ تین دہائیوں سے کوئی نئی مشینری نہیں خریدی گئی۔ شہریوں نے “صفا کوئٹہ” منصوبے کو ناکام قرار دیتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان اور کمشنر کوئٹہ سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔