وڈھ،پہاڑ سے گر کر نوجوان جاں بحق

گریشہ، رنگو سے دو نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
دالبندین،گردی جنگل روڈ پر کار الٹنے سے ایک شخص جاں بحق، دو شدید زخمی
پکنک کے دوران افسوسناک حادثہ، غلام مصطفی موقع پر ہی دم توڑ گیا
خضدار(یو این اے )تحصیل وڈھ کے علاقے ٹک میں پکنک کے دوران ایک نوجوان پہاڑ سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹک کے رہائشی غلام مصطفی ولد سلیمان لانگو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پکنک منانے گیا تھا کہ اچانک پہاڑی مقام سے گرنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ افسوسناک اور غیر متوقع تھا جس پر علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔ سب تحصیل گریشہ کے علاقے رنگو سے دو نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دونوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، جن کی لاشیں شناخت کے لیے سول ہسپتال نال منتقل کر دی گئی ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ گردی جنگل روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ افغان مہاجر کیمپ سے دالبندین آنے والی کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں قدرت اللہ موقع پر جاں بحق، جبکہ حضرت عمر اور محمد یار شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔