نوکنڈی، تفتان اور سیندک میں کالی کھانسی کی وبا پھیل گئی

نوکنڈی (قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی چاغی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع چاغی میں کالی کھانسی کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، نوکنڈی، تفتان، سیندک اور نواحی علاقوں میں کیسز میں خطرناک اضافہ ہو رہا ہے، لیکن محکمہ صحت چاغی اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو ماہ سے وبا پھیلنے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں مگر محکمہ صحت صرف سوشل میڈیا پر وضاحتوں میں مصروف ہے۔ سول اسپتال دالبندین میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی سے ایک غریب بچہ جان کی بازی ہار گیا اور متاثرہ خاندان کو جھوٹا قرار دے کر مزید اذیت دی گئی۔نیشنل پارٹی نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کوئٹہ سے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم کو ویکسین اور ادویات کے ساتھ ضلع چاغی روانہ کیا جائے۔ بصورت دیگر محکمہ صحت چاغی کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔