کوئٹہ،عید پر ڈیوٹی سے غیر حاضری، سول اسپتال کی 15 نرسیں ملازمت سے فار غ کردیا

محکمہ صحت کا سخت اقدام، غیر حاضر ڈاکٹرز اور نرسوں کی تنخواہیں بھی روک دی گئیں
کوئٹہ(قدرت روزنامہ ) محکمہ صحت بلوچستان نے عید کی چھٹیوں کے دوران سول اسپتال میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے عملے کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 15 نرسوں کو ملازمت سے فارغ کردیا۔محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق عید کی چھٹیوں کے دوران سول اسپتال کوئٹہ میں متعدد نرسیں، ڈاکٹرز، پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ہاس آفیسرز اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوئے جس پر محکمہ صحت نے سخت ایکشن لیتے ہوئے 15 کانٹریکٹ نرسوں کو برطرف کردیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر حاضر 18 پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ہاس آفیسرز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ دیگر غیر حاضر ملازمین کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ مریضوں کو علاج کی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی ڈیوٹی سے غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔