عید کے 3 دنوں میں خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر 6 لاکھ 52 ہزار سیاحوں کی آمد

پشاور (قدرت روزنامہ)عیدالاضحی پرخیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کے ڈیرے، 3 دن میں 6 لاکھ 52 ہزار سے زائد سیاحوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ترجمان ٹوور ازم اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ عیدالاضحی کے 3 دنوں میں 6 لاکھ 52 ہزار سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا، گلیات میں ایک لاکھ 77 ہزار، ناران کاغان میں ایک لاکھ 68 ہزار سیاح تفریح کے لیے پہنچے۔ترجمان کے مطابق مالم جبہ میں ایک لاکھ 60 ہزار، اپر دیر میں 85 ہزار سیاح آئے۔ڈائریکٹر جنرل ٹوورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی گئیں، ٹورازم پولیس کے جوانوں نے عیدالاضحی پر بہترین طریقے سے سیاحوں کی مدد کی۔حبیب اللہ عارف کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں بھی کثیر تعداد میں سیاح آئے، سیاحوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔واضح رہے کہ 24 مئی 2025 کو وادی کاغان کے شہر ناران کو گلگت بلتستان کے چلاس سے ملانے والے بابوسر روڈ کو 7 ماہ بعد ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دلکش مناظر کے لیے مشہور بابوسر ٹاپ اور بابوسر پاس ہر سال نومبر سے جون تک شدید برفباری کے باعث بند رہتے ہیں، بابوسر پاس کے ذریعے دیامر سے مانسہرہ کا سفر 7 گھنٹے میں طے ہوتا ہے، جب کہ قراقرم ہائی وے کے ذریعے یہی فاصلہ 14 گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔اس بلند پہاڑی پاس کے دوبارہ کھلنے سے گلگت بلتستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے۔