’ڈیمینشیا‘ کی مریض خاتون گیم شو کی وجہ سے مجھے پہچانتی ہیں : فہد مصطفیٰ

کراچی (قدرت روزنامہ) اداکار، ٹی وی میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ان کے گیم شو ’جیتو پاکستان‘ کی وجہ سے ’ڈیمینشیا‘ میں مبتلا خاتون بھی پہچانتی ہیں جب کہ وہ خاتون اپنے بچوں تک کو نہیں پہچانتیں۔
ڈان نیوز کے مطابق’ڈیمینشیا‘ دماغی غیر فعالیت کی لاعلاج بیماری ہے، تاہم علامات کی بنیاد پر مرض کی شدت کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
’ڈیمینشیا‘ میں مبتلا افراد کی یادداشت شدید متاثر ہوتی ہے، وہ اپنے اہل خانہ تک کو بعض اوقات نہیں پہچان پاتے ہیں جب کہ انہیں اس بات کی بھی سمجھ نہیں ہوتی کہ ان کےلیے کون سا کام خطرناک ہوسکتا ہے۔
عام طور ’ڈیمینشیا‘ زائد العمر افراد کو متاثر کرتا ہے، تاہم یہ بیماری کسی بھی عمر میں ہوسکتی ہے۔حال ہی میں فہد مصطفیٰ نے ’اے آر وائے‘ کے عید شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ شوبز انڈسٹری میں مرد اور خواتین کےمعاوضوں میں صنفی بنیادوں پر فرق کیا جاتا ہے۔ان کے مطابق بعض اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو اپنے ساتھی مرد اداکار سے زیادہ معاوضہ لیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان، عائزہ خان اور ہانیہ عامر جیسی اسٹارز کا معاوضہ ساتھی مرد اداکاروں کے برابر ہوتا ہے، بعض اوقات وہ مردوں سے بھی زیادہ پیسے لیتی ہیں اور بطور پروڈیوسر وہ ایسی اسٹارز کو زیادہ معاوضہ دیتے بھی ہیں۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ معاوضے کا تعلق اداکار کی جنس سے نہیں بلکہ ان کے ٹیلنٹ اور کام سے ہوتا ہے، اسٹارز کو زیادہ معاوضہ ملتا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ نئی اداکارہ بھی بڑی اسٹارز جتنا معاوضہ لینے لگے۔
ایک سوال کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ ان کا گیم شو ’جیتو پاکستان‘ حقیقی معنوں میں عوام میں مقبول ہے، اب لوگ ’پاکستان زندہ باد‘ کے بجائے ’جیتو پاکستان‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی یہ جاننا اور سمجھنا چاہتے ہیں کہ ان کے گیم شو میں وہ کیا خاص بات ہے جو ان کا پروگرام ہر کسی کو اچھا لگتا ہے۔
ٹی وی میزبان کے مطابق خصوصی اہمیت کے حامل افراد جنہیں دنیا اور جہان کی کوئی بات سمجھ نہیں آتی لیکن انہیں ان کا پروگرام سمجھ میں آتا ہے، ان کا پروگرام انہیں اچھا لگتا ہے۔انہوں نے حیران کن انکشاف کیا کہ ایک 80 سال سے زائد العمر ’ڈمینشیا‘ کی مریض خاتون جو کہ اپنے بچوں اور شوہر کو نہیں پہچانتیں لیکن وہ ان کے پروگرام کی وجہ سے پہچان لیتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ حیران ہیں کہ ڈیمینشیا کی مریض خاتون جو اپنے بچوں تک کو نہیں پہچانتیں، انہیں صرف پروگرام کی وجہ سے کیسے پہچانتی ہیں؟فہد مصطفیٰ کے مطابق ایسی ہی ’ڈیمینشیا‘ کی مریض خاتون جیسی اور بھی بہت ساری مداح خواتین اور افراد ہیں، جنہیں ان کا گیم شو بہت پسند ہے۔