ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت اور مسائل کو حل کرنا ہے،علی حسن زہری

حب ( قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اصولوں ، جمہوریت اور ملی یکجہتی کی بات کی ہے اور ہماری سیاست کا محور عوامی خدمت اور مسائل کو حل کرنا ہے ۔ ہم نے مختصر عرصے میں چالیس برسوں سے نظر انداز کئے گئے ضلع حب کو مثالی ضلع بنانے کے لئے دن رات کوششیں کی ہیں اور ان کوششوں کے نتائج عوام کے سامنے ہیں ۔ جن علاقوں میں آج سے قبل کوئی بنیادی سہولت میسر نہیں تھی ہم نے عوام کے تعاون اور اللہ کی مدد سے تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ ضلع بھرمیں صحت ، پینے کے صاف پانی ،سیوریج، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، سڑکوں کی مرمت و تعمیر ، نوجوانوں کے لئے روزگار اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے جیسے بڑے بڑے عوامی منصوبے شروع کئے جن سے حب کے عوام بھرپور استفادہ کر رہے ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی اور جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے جہاں عام کارکن اور عہدیدار کو یکساں عزت و احترام حاصل ہے ۔ جیالے کارکن ہی پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی مکمل طور پر متحد اور منظم ہے اور کسی قسم کا اختلاف نہیں ۔ تنظیمی تبدیلیاں معمول کا جمہوری عمل ہے جس کا مقصد پارٹی کو مزید مضبوط اور موثر بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد تنظیمی ڈھانچے کو مکمل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں عہدے نظریاتی کارکنان کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتے ۔ نظریاتی کارکنان ہی پارٹی کی اصل روح ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جمہوری اور عوامی جماعت ہے اور صدر مملکت جناب آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور نوجوان بلاول بھٹوزرداری کی ولولہ انگیز قیادت میںملک میں جمہوری عمل کو برقرار رکھنے اور ملکی و عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ہر فیصلہ بلوچستان میں پارٹی کو مزید موثر اور متحد بنانے کے لئے بہترین ثابت ہو گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اس وقت وطن عزیز کے دفاع اور بھارت کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے سفارتی مشن پر ہیں ۔ ان دوروں میں بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر پاکستانی موقف کی موثر اور بھرپور نمائندگی کر رہے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی سفارتی مشن نے دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دنیا جان گئی ہے کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے اور پاکستان امن و آشتی کا داعی ہے ۔ پاکستان نے حالیہ جھڑپ میں بھارت کو شرمناک شکست سے دوچار کیا بھارتی اور جنگی جنون کو خاک میں ملاکر پاکستان نے ثابت کیا کہ پاکستان امنا کا خواہشمند ضرور ہے لیکن اگر کسی نے پاکستان کی جانب ٹیڑی آنکھ سے دیکھا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ حب شہر بدل رہا ہے اور عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور ضلع حب کو مثالی ضلع بنا کر ہی دم لیں گے ۔ انہوں نے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور چالیس سالہ تاریک دور کے ذمہ داروں کی سازشوں اور گمراہ کن باتوں پر دھیان نہ دیں ۔ یہ شکست خوردہ عوام دشمن عناصر صرف اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے اور اپنی بچی کھچی سیاست کو بچانے کے لئے گاہے بگاہے حقیقت کے برخلاف گھٹیا اور شرپسند پروپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں جن پرحب کے غیور عوام کبھی کان نہیں دھریں گے ۔