بلوچستان کابینہ کا اجلاس 16جون کو طلب، بجٹ و پی ایس ڈی پی 2025-26 زیر غور آئے گا

وزرا اور مشیروں کو اجلاس میں بروقت شرکت کی ہدایت چیف سیکریٹری بلوچستان
کوئٹہ(قدرت روزنامہ ) حکومت بلوچستان کے محکمہ سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن :کابینہ سیکشن: کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر، 16 جون 2025 کو سہ پہر 3 بجے وزیر اعلی بلوچستان کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے سالانہ بجٹ اور پی ایس ڈی پی 2025-26 پر غور کیا جائے گا۔چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی جانب سے تمام معزز کابینہ اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کیے گئے وزرا میں میر شعیب نوشیروانی (خزانہ و معدنیات: سلیم احمد کھوسہ :سی اینڈ ڈبلیو، فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ:ظہور احمد بلیدی:منصوبہ بندی و ترقیات: راحیلہ حمید خان درانی:سکول، کالج و تکنیکی تعلیم: میر محمد عاصم کرد :ریونیو: حاجی نور محمد دمڑ :خوراک: سردار عبدالرحمن کھیتران:پبلک ہیلتھ انجینئرنگ: شامل ہیں۔اسی طرح مشیروں میں میر محمد صادق عمرانی، سردار فیصل خان جمالی، بخت محمد کاکڑ، نوابزادہ طارق مگسی، سردار کوہویار خان ڈومکی اور علی حسن زہری کو خصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔اجلاس میں مشیروں برائے زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک، صحت، صنعت و تجارت سمیت محکموں کے دیگر نمائندے بھی شریک ہوں گے۔کابینہ اجلاس میں بجٹ سے متعلق اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے، جو صوبے کی مالی، ترقیاتی اور انتظامی حکمت عملی پر اثرانداز ہوں گے۔