اوستہ محمد،گوٹھ ناصر خان جمالی میں پرانی دشمنی پر حملہ، فائرنگ سے تین افراد جاں بحق، ایک زخمی

قتل کا بدلہ لینے آئے حملہ آور کا بھی انجام موت، چانڈیو اقوام کے درمیان دشمنی خونریزی میں بدل گئی
اوستامحمد(قدرت روزنامہ )گوٹھ ناصر خان جمالی میں چانڈیو اقوام کے درمیان پرانی دشمنی خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق قمبر شہداد کوٹ سے تعلق رکھنے والے حملہ آور جمعرات کی صبح گوٹھ ناصر خان جمالی میں اوطاق پر سوئے ہوئے افراد پر فائرنگ کرکے فرار ہونا چاہتے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں اوطاق کے مالک سرفراز چانڈیو اور اس کے مہمان علی گل چانڈیو جاں بحق ہو گئے، جبکہ جوابی فائرنگ میں حملہ آور شیراز چانڈیو بھی مارا گیا۔ سرفراز کا بھائی سرتاج چانڈیو زخمی ہو گیا، جسے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد ایس ایچ او سٹی عبدالرف جمالی، ڈی ایس پی امجد حسین جمالی، صوبائی وزیر میر فیصل خان جمالی اور سردار محمد ہارون خان جمالی موقع پر پہنچے۔ پولیس نے نعشوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں حملہ آور اور مہمان کی لاشیں رکھی گئیں، جبکہ سرفراز کی میت جب گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ذرائع کے مطابق چانڈیو برادری میں یہ دشمنی کافی عرصے سے جاری تھی، چند ماہ قبل سرفراز چانڈیو نے اپنے رشتہ دار موتبر چانڈیو کو قتل کیا تھا، جس کے بدلے میں موتبر کے بیٹے شیراز چانڈیو نے حملہ کیا، لیکن وہ خود بھی مارا گیا۔حملہ آوروں کا تعلق قمبر شہداد کوٹ سے تھا۔ پولیس حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سندھ روانہ ہو چکی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔