پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں، نورالحق قادری

(قدرت روزنامہ)نورالحق قادری کا کہنا ہےکہ پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں . وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں .

انہوں نے کہاکہ سکھ یاتریوں کو ہر ممکن بہترین سہولیات فراہم کی گٸیں، باباگورونانک نے امن اور بھاٸی چارے کا پیغام دیا ، دوریوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے . نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ بابا گورونانک یونیورسٹی سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملےگا ،پاکستان میں تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے ، پاکستان میں تمام اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں . وفاقی وزیر مذہبی امورکا کہنا تھا کہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، کرتار پور راہداری منصوبے کو نو ماہ کی قلیل مدت میں پورا کیا گیا . اس سے قبل وزیراعظم نے بابا گرونانک کے 552 ویں جنم دن پر دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کو مبارکباد دی . وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اس مبارک موقع پر ہم ہزاروں سکھوں کو پاکستان میں ان کے مذہبی مقامات کا دورہ کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں . انہوں نے مزید کہاکہ مذہبی رسومات کی ادائیگی میں حکومت انہیں سہولت فراہم کرتی رہے گی . اس کے علاوہ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے . وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سکھ برادری کو باباگرونانک جی کے 552 ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک کا جنم دن سکھ برادری کے لئے خوشیوں بھرا تہوار ہے . انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو پنجاب آمد پر”جی آیاں نوں“ کہتے ہیں، ہر سال سکھ برادری کی مہمان نوازی کر کے دلی خوشی ہوتی ہے . عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سکھ برادری کو باباگرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں . وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے، یگانگت اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے، باباگرونانک نے امن و آتشی، اخوت، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا ہے . ان کا کہنا ہے کہ باباگرونانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے، کرتار پور رہداری کا قیام پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخی کارنامہ اور سکھ برادری کیلئے تحفہ ہے، کرتار پور راہداری بننے سے سکھ برادری کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں . عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں، سکھ برادری کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے . انہوں نے مزید کہا کہ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے . . .

متعلقہ خبریں