فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ٹرمپ سے ملاقات پر بھارتی اینکر پالکی شرما تلملا اٹھی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) پاکستان کے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ لنچ کی خبر نے بھارتی میڈیا پر جنون طاری کردیا۔ فرسٹ پوسٹ کی معروف اینکر پالکی شرما نے اس ملاقات کو “ایک بزنس ڈیل” قرار دے دیا۔

اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پالکی شرما نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو واشنگٹن آنے کی دعوت دی اور ان کے ساتھ ملاقات شیڈول کی۔ پہلے مودی کے ساتھ ملاقات ہوتی اور پھر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ، لیکن مودی نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔

پالکی شرما نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ٹرمپ کی ملاقات کو ایک بزنس ڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ فیملی نے پاکستان کے ساتھ کرپٹو ڈیل سائن کی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ بٹ کوائن ریزرو کا بھی اعلان کیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا “کیا اس لنچ کا اسی ڈیل سے کوئی تعلق ہوسکتا ہے؟ کیا یہ ٹرمپ فیملی کو ڈیل دینے کا انعام ہوسکتا ہے۔” پھر انہوں نے خود ہی اس کا جواب بھی دیا اور کہا “یہ عین ممکن ہے۔”

پالکی شرما کے مطابق اس ملاقات کا جو بھی مقصد ہو لیکن انڈیا کو اس پر گہری نظر رکھنی چاہیے، انڈیا امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو ختم نہیں کرسکتا، اسے اس بات کو دیکھنا چاہیے کہ ٹرمپ کی طرف سے کیا آفر کیا جا رہا ہے، پچھلی مدت کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کے ناقد تھے لیکن اس بار وہ ان کی حمایت کر رہا ہے، یہ ایک قابل اعتماد اتحادی کا رویہ نہیں ہوا کرتا۔

WhatsApp
Get Alert