سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو خالی کرایا جائے، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو خالی کرایا جائے،صوبائی حکومتیں ناجائز تجاوزات کے لیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں . جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاوسنگ، کنسٹرکشن و ڈیویلپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں سروئیر جنرل آف پاکستان کی اجلاس کو ملک میں جاری کیڈسٹرل میپنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی .

اجلاس کو بتایاگیاکہ سرکاری اراضی کی 88 فیصد میپنگ مکمل کر لی گئی ہے،تاحال مکمل میپنگ سے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کی نشاندہی ہوئی ہے،ان تجاوزات کی مالیت کھربوں روپے بنتی ہے . بتایاگیاکہ کیڈسٹرل میپنگ سے سرکاری اراضی کا اصل رقبہ اور ملکیت ڈیجیٹل ریکارڈ کا حصہ بن جائیں گے،سب سے زیادہ نا جائز تجاوزات جنگلات کی اراضی پر بنائی گئی ہیں . بتایاگیاکہ واپڈا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سول ایویشن اور ریلوے کی زمینوں پر بھی ناجائز تجاوزات قائم کی گئی ہیں،اگلے مرحلے میں پرائیوٹ اراضیوں کی ڈیجیٹائز یشن کا عمل صوبائی حکومتوں کی مدد سے مکمل کیا جائے گا . وزیر اعظم نے سروے آف پاکستان کی کیڈسٹرل میپنگ پر ستائش اور اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام صوبے کیڈیسٹرل میپنگ کے ڈیٹا کی سروے آف پاکستان کے ساتھ دو مہینوں میں تصدیق کے عمل کو مکمل کریں . وزیر اعظم نے کہاکہ صوبائی حکومتیں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ناجائز تجاوزات کے خلاف زیر التوا مقدمات کی موثر پیروی کریں . وزیر اعظم نے کہاکہ ناجائز تجاوزات کو ختم کر کے واگزار اراضی پر جنگلات اگانے کا منصوبہ بنایا جائے . وزیر اعظم نے کہاکہ سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کو خالی کرایا جائے . وزیر اعظم نے کہاکہ صوبائی حکومتیں ناجائز تجاوزات کے لیے قانون سازی کے عمل کو جلد مکمل کریں . اجلاس میں مشیر خزانہ شوکت ترین، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، ڈاکٹر شہباز گل، چیرمین ایف بی آر، سروئیر جنرل آف پاکستان، چیرمین نیا پاکستان ہاوسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران شریک ہوئے . . .

متعلقہ خبریں