کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور میں ابررحمت برس پڑی،بارش ہونے سے گرمی اور حبس کا زورٹوٹ گیا۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سہانا بنادیا۔ محکمہ موسمیات کےمطابق آئندہ 12 گھنٹوں کےدوران کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہےگا۔ پی ڈی ایم اے نے رواں سال 25 فیصد سے زائد بارشوں کا الرت جاری کررکھا ہے۔

کراچی میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت پنتیس ڈگری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔ اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے کئی علاقوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر تیز یا موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی بارش کی توقع ہے۔

مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، پشاور، صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، وزیرستان، کوہاٹ، کرک اور بنوں میں بھی چند مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ تاہم دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی اور نمی برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، تلہ گنگ، چکوال، جہلم، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات اور فیصل آباد میں چند مقامات پر تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ جنوبی اور مشرقی علاقوں میں شدید گرمی کی توقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert