حکومت جواب دے کہ ملک میں گدھیوں کی تعداد کیوں نہیں بڑھ رہی؟ جنید اکبر کا قومی اسمبلی میں سوال

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اگر کوئی ترقی دکھائی ہے تو وہ یہ ہے کہ گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن میں حیران ہوں کہ صرف گدھوں کی تعداد میں اضافہ کیوں ہوا ہے گدھیوں کی تعداد کیوں نہیں بڑھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ایکسپورٹس کم ہو رہی ہیں، زراعت کا بیڑہ غرق ہو گیا ہے لیکن گدھوں کی ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا جب ہم مختلف اداروں کی رپورٹس دیکھتے ہیں تو کہتے ہیں رجیم چینج کے بعد 1 کروڑ 33 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے آئے ہیں۔ انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ترقی اگر ہوئی ہے تو ڈیڑھ کروڑ لوگ مزید غربت کی لکیر سے نیچے کیوں چلے گئے ہیں۔
جنید اکبر خان نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہاکہ پہلی بار ایسی حکومت بنی ہے جسے زبردستی اقتدار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام کو پتا چل چکا ہے کہ ووٹ ڈالنے والا نہیں ووٹ گننے والا اہم ہوتا ہے، ان کو یقین ہے کہ ووٹ دینے والوں کی بجائے ووٹ گننے والوں کو خوش رکھنے سے ہی اقتدار ملے گا۔