گیس کا بحران حکومت کی مجرمانہ غفلت اور کرپشن کا نتیجہ ہے، شہباز شریف

(قدرت روزنامہ)شہباز شریف نے ملک میں گیس کے بدترین بحران کا ذمہ دار حکومت کی مجرمانہ غفلت، نااہلی اور کرپشن کو قرار دے دیا . مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہےکہ 3 سال سے عوام صدموں، حادثات، پریشانیوں اور تکالیف میں مبتلا ہیں، حکومت کی مجرمانہ نااہلی کی سزا عوام کو مل رہی ہے. ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بے بسی کی دلدل میں پھینکنا حکومتی بے حسی ہے، نوازشریف کے بنائے ٹرمینلز کے ہوتے ہوئے بھی گیس کا بحران پیدا ہونا موجودہ حکومت کی نااہلی کی انتہا کو دکھاتا ہے .

مسلم لیگ ن کے صدر نے اپنے بیان میں کہاکہ ٹرمینلز اور استعداد موجود ہیں لیکن حکومت بروقت اور مناسب قیمت پر گیس کا بندوبست نہ کرسکی، اس وقت ٹرمینلز میں گیس ذخیرہ کرنے کی جو گنجائش ہے، اس کے نصف سے بھی کم کو بروئے کار لایا جارہا ہے . ان کا کہنا ہے کہ حکومت مسلسل جھوٹ بولنے، دھکا شاہی سے کالے قانون منظور کرانے کے بجائے گیس فراہمی اور عوام کی سہولت کے معاملات پر توجہ دیتی تو آج اس صورتحال سے بچا جا سکتا تھا اگر یہ ٹرمینل بھی نہ ہوتے اور یہ حکومت ہوتی تو پھر کیا ہوتا؟ شہبا زشریف نے کہاکہ مجرمانہ ذہنیت رکھنے والی حکومت کا ہر اقدام مہنگائی اور مسائل کی چکی میں پستے عوام کو پرانے پاکستان کی یاد دلاتا ہے . اپوزیشن لیڈر نے مزید کہاکہ ثابت ہوا کہ اس حکومت سے نجات سے ہی عوام اور ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے عوام کو مشکلات، مسائل، مہنگائی اور بے بسی کے حوالے کر دیا گیا ہے آٹا چینی بجلی کے بعد گیس کی قلت اور مہنگائی عوام پر دوہرا ظلم ہے . . .

متعلقہ خبریں