یوٹرن نہیں لیا، پاکستانیوں کے بھارت میں کام نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہوں :نادیہ خان

کراچی (قدرت روزنامہ)ٹی وی میزبان، مبصر و اداکارہ نادیہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ہانیہ عامر کے معاملے پر یوٹرن نہیں لیا، وہ اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ پاکستانیوں کو بھارت میں کام نہیں کرنا چاہیے۔
’’ڈان‘‘ کے مطابق نادیہ خان نے انسٹاگرام سٹوریز اور یوٹیوب پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے خود پر ہونے والی تنقید پر بات کی اور کہا کہ ان پر یوٹرن لینے کا الزام ٖغلط ہے۔
نادیہ خان نے اپنی ویڈیو کو آرٹیفشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے انگریزی زبان میں جاری کیا، جس میں انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید پر بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہانیہ عامر کی بھارتی فلم ’’سردار جی تھری‘‘ کے ریلیز ہونے پر یوٹرن نہیں لیا بلکہ صرف اپنے سکھ بھائیوں کی تعریفیں کیں۔
ان کے مطابق کسی کی تعریفیں کرنا یوٹرن نہیں ہوتا، انہوں نے صرف سکھ بھائیوں کے اچھے کام کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ’’سردار جی تھری‘‘ کو پاکستان میں بھی ریلیز ہونا چاہیے۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ پاکستانیوں کو بھارت میں کام نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اگر انہیں وہاں وہ مقام نہیں ملتا جو انہیں پاکستان میں ملتا ہے تو ان کا انڈیا میں کام کرنا اچھا نہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ ذاتی سوشل میڈیا پیجز پر اداکاروں پر تنقید نہیں کرتیں بلکہ وہ ’’کیا ڈراما ہے‘‘نامی شو اور نیوز چینل میں کام کے دوران اداکاروں پر تنقید کرتی ہیں جو کہ ان کی پیش ورانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہیں۔
نادیہ خان کے مطابق نیوز چینل میں کام کے دوران انہیں چیزیں اور مواد فراہم کیا جاتا ہے کہ انہیں کس معاملے پر کیا بات کرنی ہے، اسی طرح انہیں یہ کام دیا گیا کہ یہ سوال ہونا چاہیے کہ پاکستانی فنکاروں کو دشمن ملک میں کام نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سیاست دانوں سمیت دوسرے افراد سے سوالات کیے جاتے ہیں، اسی طرح فنکاروں سے بھی سوالات کیے جا سکتے ہیں اور اس میں کوئی برائی نہیں۔
نادیہ خان نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے ’’سردار جی تھری‘‘ کی تعریفیں کرنے کو ان کا یوٹرن نہ سمجھا جائے، وہ اب بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام نہیں کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ ہانیہ عامر کی بھارتی فلم ’’سردار جی تھری‘‘ کی ریلیز کے موقع پر نادیہ خان نے ہانیہ عامر کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارتی فلم میں ان کے کام کو سراہا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بھارتی فلم پاکستان میں ریلیز ہونی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے دلجیت دوسانجھ کی بھی تعریفیں کی تھیں۔
اس سے قبل وہ ہانیہ عامر پر کڑی تنقید کرتی دکھائی دیتی تھیں، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہانیہ عامر بھارتی پی آر پر وقت ضائع کر رہی ہیں جب کہ انہوں نے فواد خان سمیت دیگر اداکاروں کو بھی بھارتی فلموں میں کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن ہانیہ عامر کی ’’سردار جی تھری‘‘ ریلیز ہونے کے بعد انہوں نے اچانک اداکارہ کی تعریفیں کرنا شروع کردی تھیں۔

WhatsApp
Get Alert