سپین کے ایئر پورٹ پر جہاز میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد ہنگامی صورتحال، 18 افراد زخمی

مجروکا (قدرت روزنامہ )سپین کے جزیرے مجروکا کے ایئرپورٹ پر اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جب ایئر پورٹ پر موجود مسافروں سے بھرے طیارے میں آگ بھڑک اٹھنے کی اطلاع پھیلی جسے بعدازاں غلط قرار دیا گیا تاہم ہنگامی اخراج کے دوران 18 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ریان ایئر کا یہ طیارہ پالما ایئرپورٹ سے مانچسٹر روانہ ہونے کیلئے تیار تھا کہ اچانک طیارے میں آتشزدگی افواہ پھیل گئی اور یہ تقریبا رات 12 بج کر 35 منٹ کا وقت تھا جس وقت ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ آتشزدگی کی افواہ پھیلنے پر مسافروں نے جہاز کے ہنگامی اخراج کے دروازوں سے جہاز کے ونگز پر کودنا شروع کر دیا جہاں سے زمین پر چھلانگ لگانے سے کچھ افراد زخمی ہوئے ۔ہنگامی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے حالات کو کنٹرول کیا ۔
علاقائی طبی ایمرجنسی کوآرڈینیٹرز کے مطابق 18 افراد کو معمولی زخم آئے، جن میں سے چھ کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ، تین مریضوں کو پالما کے نجی اسپتال “کلینیکا روٹجر” جبکہ باقی تین کو “ہسپتال کوئرون سالوڈ پالما پلاناس” منتقل کیا گیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ زخمیوں کو کس قسم کے زخم آئے، تاہم خیال ہے کہ یہ چوٹیں طیارے سے باہر نکلتے وقت لگیں۔
علاقائی حکومت کے ہنگامی ردِعمل کوآرڈینیشن سینٹر کے ترجمان نے بتایاکہ ہمیں آج صبح 00:36 پر پالما ایئرپورٹ پر زمین پر موجود ایک طیارے میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد فوری طور پر چار ایمبولینسز جائے وقوعہ پر بھیجی گئیں جن میں دو بنیادی طبی امداد اور دو اعلیٰ سطح کی طبی امداد فراہم کرنے والی گاڑیاں شامل تھیں، 18 افراد کو طبی امداد دی گئی، جن میں سے چھ کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم تمام افراد معمولی نوعیت کے زخمی ہوئے تھے ۔
بعدازاں ریان ایئر کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ آگ لگنے کی اطلاع ایک “غلط الارم” تھی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پالما سے مانچسٹر جانے والی یہ پرواز ایک غلط فائر وارننگ لائٹ کے باعث ٹیک آف مکمل نہ کر سکی، مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے باہر نکالا گیا اور انہیں ٹرمینل واپس لے جایا گیا تاہم ہم نے جلد ہی متبادل طیارے کا انتظام کیا جو صبح 07:05 پر روانہ ہوا، ہم اس پریشانی پر مسافروں سے معذرت خواہ ہیں ۔