سینئر اداکار محمد احمد کے بعد یاسر حسین اور احمد علی بٹ بھی معاوضہ ادائیگی پر بول پڑے

لاہور (قدرت روزنامہ) اداکار یاسر حسین نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ اداکارہ حمیرا اصغر چل بسیں، اب ان کی مغفرت کے لیے دعا کرنی چاہیے لیکن محمد احمد جیسے لیجنڈ اداکار زندہ ہیں، ان کے لیے بات کریں۔انہوں نے لکھا کہ کوئی قانون بنایا جانا چاہیے، کام کروانے والوں کو کچھ خیال کرنا چاہیے، وہ وقت پر معاوضہ ادا کریں۔

ڈان نیوز کے مطابق یاسر حسین نے لکھا کہ بروقت معاوضہ ملنے پر لوگ خوش رہیں گے، اس لیے اداکاروں کو وقت پر معاوضہ ملنا چاہیے۔

اداکار احمد علی بٹ نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ عام طور پر پروڈکشن ہاؤسز اور ٹی وی چینلز کی جانب سے کسی کو بھی معاوضہ دینے کا وقت 60 سے 90 دن تک کا ہوتا ہے لیکن تاخیر سے معاوضہ دینا انڈسٹری کا اسٹینڈرڈ بن چکا ہے، ٹی وی چینلز منتظمین اور پروڈکشن ہاؤسز سے لے کر کارپوریٹ سیکٹر کے اسپانسرز بھی مشکل سے 60 سے 90 دن کے اندر پیسے دیتے ہیں۔

احمد علی بٹ نے لکھا کہ انڈسٹری میں کچھ لوگ ہی ہیں جو بر وقت معاوضہ ادا کرتے ہیں، باقی سب کی کوشش ہوتی ہے کہ کام کرنے والے افراد اپنا معاوضہ بھیک کی طرح مانگیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اپنا معاوضہ بھیک کی طرح مانگنے کے باوجود پوری رقم ایک ساتھ نہیں دی جاتی، معاوضے کو قسطوں میں فراہم کیا جاتا ہے۔

ان سے قبل سینئر اداکار محمد احمد نے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ اداکاروں کو کام کا معاوضہ بھیک کی طرح مانگنا پڑتا ہے، پروڈکشن ہاؤسز و ٹی وی چینلز بروقت ادائیگیاں نہیں کرتے، جس وجہ سے اداکار مالی مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert