چٹاگانگ ٹیسٹ: گیند پر تھوک لگانے پر امپائر کی حسن علی کو تنبیہ

ڈھاکہ (قدرت روزنامہ) چٹاگانگ میں جاری پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیش کی دوسری اننگز کے دوران قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کو امپائر نے تنبیہ کردی . رپورٹ کے مطابق حسن علی کو گیند پر تھوک لگانے کی وجہ سے امپائر نے تنبیہ کی ہے .

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث آئی سی سی نے گیند پر تھوک لگا کر اسے چمکانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے . یاد رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ہے جس کے بعد بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز سکور کرلیے ہیں . چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے . تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تائیج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی . قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر بولڈ ہو گئے . دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی ، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے . فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جب کہ حسن علی بھی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے . ساجد خان 5 اور نعمان علی 8 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے . فہیم اشرف نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے . بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دو وکٹیں عبادت حسین اور ایک مہدی حسن مرزا کے حصے میں آئی . دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی ٹیم میدان میں اتری تو شاہین آفریدی نے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر اوپنر شادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ ایک گیند کے بعد دوسری گیند پر نجم الحسین کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی . نجم کا کیچ عبداللہ شفیق نے تھاما . چھٹے اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے مومن الحق کو میدان بدر کر دیا ، مومن الحق بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹے ، ان کا کیچ اظہر علی نے پکڑا . گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے سیف حسن کا کیچ خود ہی تھام لیا . خیال رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 330 رنز سکور کیے تھے، بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس نے سنچری سکور کی تھی جبکہ مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے تھے . پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دو دو وکٹیں شاہین آفریدی اور فہیم اشرف کے حصے میں آئی تھیں . . .

متعلقہ خبریں