رونالڈو کی ویڈیو نے بھارتیوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

دبئی (قدرت روزنامہ)پاکستانی کھلاڑیوں کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے مشہور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی شیئر کی گئی ویڈیو نے بھارتیوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔
ایشیا کپ 2025 کے سُپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاک بھارت میچ کےدوران فاسٹ بائولر حارث رؤف نے شائقین کی ہوٹنگ کا جواب رافیل گرنے کا اشارہ کرکے دیا تھا جس پر بھارتیوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
بھارتی میڈیا پر شدید تنقید کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی شکایت کی۔
ایشیا کپ، بھارتی کھلاڑیوں کو سابق پاکستانی کرکٹر سے ہاتھ ملانا پڑ گیا، حب الوطنی پر سوال؟
اسی دوران ایکس پرپی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے بغیر کیپشن عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کی شیئر کی گئی ویڈیو نے بھارتیوں کو آگ بگولہ کر دیا۔
ویڈیو میں کرسٹیانو رونالڈو کا انداز بالکل حارث رؤف کے بھارتی شائقین کے طعنوں کے جواب میں اپنائے گئے انداز جیسا تھا ، ویڈیو میں رونالڈو کو ہاتھ کو جہاز کی طرح اڑا کر نیچے گرنے کی طرف اشارہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اگرچہ اس ویڈیو پر محسن نقوی کی جانب سے کوئی کیپشن نہیں لکھا گیا لیکن اس کے باوجود جہاز گرنے کی نقل کرتی اس ویڈیو کو دیکھ کر بھارتی تلملا گئے۔
اس سے قبل پاکستانی اسپنر سفیان مقیم نے بھی رونالڈو کی اسی ویڈیو کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کیا تھا ، سفیان مقیم نے اسٹوری میں کیپشن درج کیا تھا کہ انہیں یعنی رونالڈو کو کس نے بتایا۔
