تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربے کا فیصلہ کر لیا ہے . اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے رجوع کر لیا ہے . بتایا گیا ہے کہ پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کی روشنی میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا . میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے بلدیاتی انتخابات میں تجربے کے لیے 70 کے قریب مشینیں فراہم کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے . مزید بتایا گیا ہے کہ ای وی ایم کی فراہمی کے شیڈول پر ہی الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا کہ ای وی ایم کا تجربہ کس صوبے کے الیکشن میں ہوگا . ای وی ایم کی فراہمی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے جواب کا انتظار ہے . اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا تھا کہ پریزائیڈنگ افسر پر کڑی نگاہ رکھنے کے لیے ان کے فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کردی ہے . چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لینے کے لیے 3 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، کمیٹیوں میں پروفیشنل اور ٹیکنیکل لوگ شامل کیے گئے ہیں . انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں ای وی ایم سے متعلق فیصلہ ہوگا، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق آئین و قانون کے تحت فیصلہ کریں گے . گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ این اے 133 میں حکومت اور رینجرز کے اشتراک سے بہترین انتظامات کیے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس تعینات ہوگی جبکہ رینجرز اہلکار گشت کریں گے . سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن کے بعد کسی الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر کے غائب ہونے کا واقعہ نہیں ہوا، ڈسکہ الیکشن میں بے ضابطگی کے ذمہ داروں کو سبق مل جائے گا . . .
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے تجربے کا فیصلہ . الیکشن کمیشن نے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے رجوع کر لیا .
متعلقہ خبریں