پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے ہفتے بدترین مندی،سرمایہ کاروں کے 173 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
اسٹاک ماہرین کے مطابق سود کی شرح میں مزید اضافے کے خدشات،مہنگائی اور تجارتی خسارہ بڑھنے کے خوف پر حصص کی بڑے پیمانے پر فروخت،نومبر کے دوران افراط زر کی شرح 11.5تک پہنچنے کی وجہ سے بینکو ں کی جانب اسٹیٹ بینک کو 3،6اور 12ماہ کے ٹریژری بلوں کی نیلامی میں بلند شرح سود کی پیشکشو ں نے کریش کی صورتحال سے دوچا ر کئے رکھا جبکہ ملک میں گیس بحران کی وجہ سے غیر برآمدی صنعتوں کی کیپٹو پاور پلانٹس کو سپلائی بند کئے جانے کے بعد ڈھائی ماہ کیلئے سی این جی اسٹیشنز کی بندش،سے صنعتی شعبے میں پیدا ہونیوالی بے چینی،یورپ و مغربی ممالک میں اومی کرون وائرس کی وجہ سے غیر ملکیوں کی جانب سے سرمائے کے انخلااور مقامی سرمایہ کاروں کی منافع کے حصول پر دبا بڑھنے سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3دن مندی کا رجحان غالب رہا اس دوران انڈیکس 2393.98پوائنٹس لوز کر گیا تاہم سعودی عرب کی جانب سے 3ارب روپے کا قرضہ جاری ہونے اورآئندہ ماہ پاکستان کی جانب سے عالمی سکوک کے اجراکی خبروں،ایمرجنگ مارکیٹ سے انخلاکے بعد فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں شمولیت کے نتیجے میں غیر ملکیوں کی جانب سے تازہ سرمایہ کاری کی امید پر سرمایہ کاری کے مقامی شعبوں کی خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے تیزی دیکھنے میں آئی جس کی وجہ سے 2روزہ تیزی میں 1512.65پوائنٹس ریکور ہو گیا . گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس45757.60پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی بڑی لہر آنے سے انڈیکس 42750.90پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا . پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 881.33پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس44114.16پوائنٹس سے کم ہو کر 43232.83پوائنٹس ہو گیا اسی طرح318.78پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 17034.02پوائنٹس سے کم ہو کر16718.24 پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس30302.34پوائنٹس سے گھٹ کر29611.01پوائنٹس پر بند ہوا . مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب73ارب61کروڑ28لاکھ51ہزار703 روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب87 ارب82کروڑ12لاکھ88ہزار23روپے سے کم ہو کر74کھرب 14ارب20کروڑ84لاکھ36ہزار320روپے رہ گیا . پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ34ارب روپے مالیت کے 41کروڑ14لاکھ65ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم9ارب روپے مالیت کے 24کروڑ10لاکھ69ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے . پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1735کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 728کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،925میں کمی اور82کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا . کاروبار کے لحاظ سے فوجی فوڈز،ٹی پی ایل پراپرٹیز،ورلڈ کال ٹیلی کام،بائیکو پیٹرولیم،فرسٹ نیشنل ایکویٹیز،ٹریٹ کارپوریشن،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ،جی 3ٹیکنالوجیز،حبیب بینک،یونائیٹڈ بینک،ایم سی بی بینک لمیٹڈ،حب پاور کمپنی،اینگرو فرٹیلائزر،بینک الفلاح،فوجی فوڈز (آر) میپل لیف،فوجی سیمنٹ،پائینیر سیمنٹ،ڈولمن سٹی،عائشہ اسٹیل مل،پاور سیمنٹ،ایزگارڈنائن،غنی گلوبل اور سلک بینک سر فہرست رہے . . .