ویمنز ورلڈکپ: ریکارڈ اسکور بھی کام نہ آیا، آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دیدی

آسٹریلیا(قدرت روزنامہ)آسٹریلیا نے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے میچ میں بھارت کے خلاف 331 رنز کا ریکارڈ ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔ یہ میچ بھارت کے شہر وشاکھاپٹنم میں کھیلا گیا۔
آسٹریلوی کپتان ایلسا ہیلی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 107 گیندوں پر 142 رنز بنائے۔ اگرچہ بھارت نے تیزی سے تین وکٹیں حاصل کیں، جن میں ہیلی، تالیہ میک گرا اور ایشلی گارڈنر شامل تھیں، مگر اس کے باوجود آسٹریلیا نے پرسکون انداز میں ہدف کا تعاقب جاری رکھا۔ ایلیس پیری، جو انجری کے باعث میدان سے باہر چلی گئی تھیں، واپس آ کر 52 گیندوں پر 47 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں اور سنیہ رانا کی گیند پر چھکا لگا کر ایک اوور قبل ہی ہدف مکمل کیا۔
اس سے قبل بھارت نے اپنی ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا اسکور 330 رنز بنایا۔ اس میں ٹاپ آرڈر بیٹرز نے شاندار کردار ادا کیا۔ اسمتری مندھانا نے 66 گیندوں پر 80 رنز بنائے جبکہ پراتیکا راول نے 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ مندھانا نے اپنی اننگز کے دوران کئی ریکارڈز قائم کیے، وہ ایک کیلنڈر سال میں 1000 رنز بنانے والی پہلی بھارتی ویمنز پلیئر بن گئیں اور آسٹریلیا کے خلاف سب سے زیادہ 50 پلس اننگز کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 155 رنز جوڑے، تاہم بعد میں بھارت کی ٹیم صرف 36 رنز کے اندر اپنی چھ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ آسٹریلیا کی اینابل سدرلینڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
