نیتن یاہو نے شرم الشیخ امن کانفرنس میں شرکت ترک صدر کے سخت اعتراض کے باعث نہیں کی، اسرائیل ہیوم

یروشلم / قاہرہ (قدرت روزنامہ) اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے شرم الشیخ امن کانفرنس میں شرکت کا اپنا دورہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے سخت اعتراض کے باعث منسوخ کر دیا۔ یہ فیصلہ کسی مذہبی تہوار یا اسرائیل میں قدامت پسند حلقوں کے دباؤ کی وجہ سے نہیں کیا گیا، جیسا کہ بعض اطلاعات میں کہا گیا تھا۔

اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ ترک صدر اردوان نے دورانِ پرواز مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو فون کر کے خبردار کیا کہ اگر نیتن یاہو اجلاس میں شریک ہوئے تو ان کا طیارہ مصر میں لینڈ نہیں کرے گا۔

ترک حکام نے امریکہ کو بھی اپنے غصے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ “یہ اجلاس ان سے مشاورت کے بغیر ترتیب دیا گیا، جو قابلِ قبول نہیں۔”

ذرائع کے مطابق، امریکی اور اسرائیلی حکام سے مشاورت کے بعد نیتن یاہو نے اپنی شرکت منسوخ کر دی، جس کے بعد اردوان کا طیارہ مصر میں بحفاظت اتر گیا۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے شرم الشیخ امن کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کی موجودگی کے باعث وہ اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ ان کا طیارہ اس وقت تک بحیرہ احمر کے اوپر ہی چکر کاٹتا رہا جب تک کہ نیتن یاہو کی اجلاس میں شرکت سے دستبرداری کی تصدیق نہیں ہوگئی۔

WhatsApp
Get Alert