پاکستانی شہری کن ممالک کا بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں؟ فہرست سامنے آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان 2025 میں 103ویں نمبر پر آ گیا ہے، جو کہ یمن کے برابر ہے۔ پچھلی درجہ بندی میں پاکستان 96ویں نمبر پر تھا، اس لحاظ سے یہ واضح تنزلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی شہری اب صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں، جب کہ گزشتہ سال یہ تعداد 32 تھی۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی وجہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مسابقت، جیوپولیٹیکل حالات اور پاکستان کے محدود سفارتی تعلقات ہیں۔
علاقائی ممالک کے مقابلے میں اگرچہ پاکستان کی پوزیشن کچھ بہتر ہے، تاہم اسے اب بھی کمزور پاسپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ افغانستان بدستور دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ رکھتا ہے اور 106ویں نمبر پر ہے، جہاں کے شہری صرف 24 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔ شام 105ویں اور عراق 104ویں نمبر پر موجود ہیں۔
اسی رپورٹ میں بھارت کا پاسپورٹ بھی گراوٹ کا شکار ہوا ہے۔ بھارت اس وقت 85ویں نمبر پر ہے، اور بھارتی شہری اب 57 ممالک میں بغیر ویزا کے جا سکتے ہیں، جب کہ پہلے یہ تعداد 59 تھی۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی درجہ بندی میں کمی سفارتی پالیسیوں اور عالمی سیاسی دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری جانب سنگاپور مسلسل چوتھے سال دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ بن گیا ہے، جس کے شہری 193 ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔ جنوبی کوریا اور جاپان بھی اوپر کی پوزیشنز پر برقرار ہیں۔
امریکہ اور برطانیہ کے پاسپورٹس کی درجہ بندی میں بھی تنزلی دیکھی گئی ہے۔ امریکہ اب ٹاپ 10 ممالک میں شامل نہیں رہا اور 12ویں نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ برطانیہ اپنی کم ترین پوزیشن یعنی آٹھویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب چین نے نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ 2015 میں چین 94ویں نمبر پر تھا، مگر اب 64ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔ چینی شہریوں کو اب 37 مزید ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس، خلیجی ریاستوں اور دیگر ایشیائی ممالک کے ساتھ چین کے نئے سفارتی معاہدے اس بہتری کی بڑی وجہ ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے شہریوں کے عالمی سفری امکانات بڑھانے کے لیے سفارتی حکمت عملی اور بین الاقوامی تعلقات پر ازسرِنو غور کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ مستقبل میں پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں بہتری کی جانب جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert