پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی واپس لے لی، نجی ٹی وی کا دعویٰ ، مریم اورنگزیب کی تردید

لاہور(قدرت روزنامہ)پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی واپس لے لی۔ تاہم پنجاب حکومت نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔
’’سماء نیوز‘‘ کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور کی سیکیورٹی 2دن پہلے واپس لی گئی ہے۔ جس پر پیپلزپارٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔قبل ازیں پنجاب حکومت نے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی۔
دوسری جانب پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس خبر کی تردید کی ہے۔ انہوں نے ’’ایکس‘‘ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ بلاول ہاؤس کی سیکیورٹی واپس لیے جانے سے متعلق خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور غلط ہے۔ بلاول ہاؤس کی سیکیورٹی مکمل طور پر برقرار ہے اور اسے کبھی واپس نہیں لیا گیا۔ میڈیا اداروں کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ اس طرح کی خبروں کو نشر کرنے سے قبل انہیں سرکاری ذرائع سے ضرور تصدیق کر لیں۔
