شہید بی بی غریب عوام کی آواز تھیں، دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت قبول کی: بلاول

کراچی ( قدرت روزنامہ ) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم خوش ہوں گے جب کراچی کے لیے کام کیا جائے، کراچی کے ترقیاتی منصوبے پر وفاق سے بات ہوئی ہے، جو بھی ترقیاتی کام ہوں وہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق ہوں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بی بی غریب عوام کی آواز تھیں، انہوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت قبول کی، 2007 میں کارساز کے مقام پر پیپلز پارٹی کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا، شہید بی بی نے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ پیپلز پارٹی شہید بی بی کے فلسفے اور سیاست کو لے کر آگے چل رہی ہے، آج پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلٔۂ خیال ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت بہت بڑی کامیابی ہے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، غزہ کے معاملے پر امید تو ہے مگر خدشات بھی موجود ہیں۔
