یورپی یونین اور یونیسف کے تعاون سے پانچ اضلاع میں پانچ ہزار پرائمری سکول کے طلباء کی ہیلتھ اسکریننگ کا آغاز

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تعلیم کے شعبے میں بہتری کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے وزیرِ۔اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی کے وژن کے مطابق سیکرٹری تعلیم بلوچستان اسفند یار کاکڑ کی زیرِ نگرانی اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اختر کھیتران کی قیادت میں ڈائیریکٹ آف ایجوکیشن

سکولز محکمہ اسکول ایجوکیشن کے تحت یورپی یونین اور یونیسف کے تعاون سے صوبے کے پانچ اضلاع میں بچوں کی صحت سے متعلق ایک جامع پروگرام جاری ہے، جس کا مقصد پانچ ہزار پرائمری طلبہ کی ہیلتھ اسکریننگ اور فلاحی نگہداشت کو یقینی بنانا ہے۔

پروگرام کا آغاز لورالائی سے کیا گیا، جہاں ایک ہزار بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے۔ لورالائی میں آٹھ اسکولوں کو منتخب کیا گیا، جن میں دو ہائی اسکولوں کے پرائمری سیکشنز بھی شامل تھے۔ بچوں کی اسکریننگ کے دوران ای این ٹی اسپیشلسٹ، ڈینٹسٹ، فزیشن اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے معائنہ کیا اور ان کی صحت سے متعلق رہنمائی فراہم کی۔

پروگرام کا دوسرا مرحلہ نوشکی میں پیر سے شروع ہو رہا ہے، جہاں مزید ایک ہزار بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی جائے گی۔ اس کے بعد یہی سلسلہ گوادر، کیچ اور لسبیلہ میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ مکمل پروگرام کے اختتام پر پانچ ہزار سے زائد بچوں کی اسکریننگ مکمل کر لی جائے گی۔

یہ منصوبہ نہ صرف بچوں میں صحت عامہ، صفائی، اور بنیادی طبی شعور کو فروغ دے گا بلکہ مستقبل کی ایک صحت مند اور باشعور نسل کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

محکمہ تعلیم بلوچستان صوبے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم اور بہتر صحت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور عزم رکھتا ہے اور یہ پروگرام اسی وژن کا ایک اہم تسلسل ہے۔

WhatsApp
Get Alert