ہارٹ اٹیک یا فالج سے ہمیشہ محفوظ رہنا چاہتے ہیں؟ تو یہ عادت آج ہی زندگی کا حصہ بنالیں

لاہور(قدرت روزنامہ)کیا آپ فالج یا ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا امراض کو ہمیشہ خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟
اگر ہاں تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے، بس روزانہ کم از کم 10 سے 15 منٹ تک مسلسل چہل قدمی کو عادت بنالیں۔
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ذرا طویل وقت تک مسلسل چہل قدمی امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ دوتہائی حد تک کم کر دیتی ہے۔
مختلف پھلوں کے ملک شیک میں کیلوں کا اضافہ اس مشروب کے فوائد کو گھٹا دیتا ہے، تحقیق
اس تحقیق میں 40 سے 79 سال کی عمر کے 33 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا۔
یہ سب افراد دن بھر میں 8 ہزار سے کم قدم چلنے کے عادی تھے اور تحقیق کے آغاز میں امراض قلب یا کینسر سے محفوظ تھے۔
انہیں ایک ہفتے تک رسٹ بینڈز پہنائے گئے تاکہ ان کے قدموں کی تعداد اور چلنے کے دورانیے کو ریکارڈ کیا جاسکے۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا اور دیکھا گیا کہ مختصر چہل قدمی (10 منٹ سے کم وقت) اور طویل چہل قدمی (10 منٹ یا اس سے زائد) سے امراض قلب کے خطرے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ذیابیطس جیسے دائمی مرض سے محفوظ رکھنے میں مددگار آسان عادات
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ مسلسل 10 سے 15 منٹ تک چہل قدمی کرتے ہیں، ان میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ محض 4 فیصد ہوتا ہے جبکہ صرف 5 منٹ تک چہل قدمی کرنے والوں میں یہ خطرہ 13 فیصد ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ فائدہ ان افراد کو سب سے زیادہ ہوتا ہے جو جسمانی طور پر بہت کم متحرک ہوتے ہیں، یعنی دن بھر میں 5 ہزار یا اس سے بھی کم قدم چلتے ہیں۔
ان افراد میں امراض قلب کا خطرہ 15 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد تک چلا جاتا ہے، مگر ایسا اسی وقت ہوتا ہے جب وہ مسلسل 15 منٹ تک چہل قدمی کریں۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے والے افراد بھی زیادہ وقت تک چہل قدمی کرکے دل کی صحت کو بہتر بناسکتے ہیں۔
ناشتہ نہ کرنے کی عادت آپ کو ان امراض کا شکار بناسکتی ہے
انہوں نے مزید بتایا کہ طرز زندگی میں سادہ تبدیلیوں سے صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Annals of Internal Medicine میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل اکتوبر 2025 میں برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ضروری نہیں کہ آپ روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنے کی کوشش کریں۔
درحقیقت اگر ایک ہفتے میں آپ ایک یا 2 دن بھی چند ہزار قدم چلتے ہیں تو امراض قلب سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
سستی یا کاہلی سے نجات کا آسان ترین طریقہ جو کوئی بھی اپنا سکتا ہے
اس تحقیق میں ساڑھے 13 ہزار سے زائد خواتین کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 71 سال تھی۔
2011 سے 2015 کے درمیان مسلسل 7 دن تک ان خواتین کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا ٹریکر کے ذریعے اکٹھا کیا گیا اور پھر ان کی صحت کا جائزہ لگ بھگ 11 سال تک لیا گیا۔
تحقیق کے آغاز پر یہ سب خواتین امراض قلب اور کینسر سے محفوظ تھیں۔
11 سال کے دوران 1765 خواتین کا امراض قلب کے باعث انتقال ہوا جبکہ 781 میں ان امراض کی تشخیص ہوئی۔
عمر میں اضافے کے ساتھ مردوں کا دماغ خواتین کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے سکڑتا ہے، تحقیق
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر ہفتے ایک یا 2 دن 4 ہزار قدم چلنے والی خواتین میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 26 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک گھٹ گیا۔
جن خواتین نے ہفتے میں 3 دن اتنے قدم چلنے کی ہمت کی، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 40 فیصد جبکہ امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہوگیا۔
تحقیق کے مطابق اسی طرح ہفتے میں 3 یا اس سے زائد دنوں تک 5 سے 7 ہزار قدم چلنے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 32 فیصد اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 16 فیصد تک گھٹ گیا۔
