ملک بھر میں خشک موسم برقرار، پنجاب میں اسموگ مزید بڑھنے کا امکان

لاہور(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار 2 نومبر 2025 کو ملک کے بیشتر علاقوں میں خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل خشک موسم اور فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع میں اسموگ کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
متاثرہ اضلاع میں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، گجرات، ساہیوال، ملتان، رحیم یار خان اور بہاولپور شامل ہیں۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً صبح اور شام کے اوقات میں جب اسموگ کی شدت زیادہ ہوتی ہے، حفاظتی ماسک کا استعمال کریں اور سفر کم سے کم کریں۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ صبح و شام کے اوقات میں خنکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہے گا تاہم بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
سندھ کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی ساحلی علاقوں جیسے کراچی اور ٹھٹھہ میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی مجموعی طور پر خشک موسم رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شمالی حصوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے اور فضائی آلودگی میں اضافے سے پنجاب کے وسطی و مشرقی علاقوں میں اسموگ کی صورتحال آئندہ دنوں میں مزید خراب ہوسکتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور اپنی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
