’احتساب کا نعرہ ڈھونگ‘شازیہ مری نے حکومت کے ساتھ چیئرمین نیب کوبھی آڑے ہاتھوں لے لیا

کراچی(قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکرٹری شازیہ عطا ءمری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)حکومت کا احتساب کا نعرہ یکطرفہ اور ڈھونگ ہے ،سپریم کورٹ بھی قومی احتساب بیورو( نیب) کے احتساب کو یکطرفہ قرار دے چکی ہے، چیئرمین نیب دو برس سے 821ارب روپے کی ریکوی کا ثبوت نہیں دے سکے،ملک کے حالات دن بدن پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں، سیالکوٹ واقعہ سے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں . سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب پبلک اکاونٹس کمیٹی(پی اے سی) میں پیش نہیں ہوتے ،جب پی اے سی ان کی گرفتاری کا حکم دیتی ہے تو تب جا کر وہ سامنے پیش ہوتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو دو سال سے قید کررکھا گیالیکن ایک پائی کی بھی وصولی کے ثبوت نہ فراہم کرسکے، نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، نیب حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے، جس کی ترجمانی کے فرائض نیب کی بجائے حکومتی وزرا کررہے ہیں اور وہ اسے آزاد ادارہ قرار دیتے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ ایک انتقامی ادارہ بن گیا ہے .

شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان آج ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ دیکھ لیں، رپورٹ میں ہے کہ عوام احتساب کے عمل سے مطمئن نہیں ہیں، اب عمران خان کاامتحان ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو سمجھتے ہیں یا نہیں جس کے مطابق 93 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ پچھلی تین حکومتوں کی مناسبت سے آج مہنگائی سب سے زیادہ ہے، کل عمران نیازی نے کہا ہے کہ ملک اب بھی دنیا میں سب سے سستا ترین ہے، یقینا عمران خان کیلئے سستا ترین ملک ہو سکتا ہے . ملک کے چھ ارب ڈالرزعالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے پاس گروی رکھوا دیے گئے ہیں . اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ کے ساتھ دوہرا معیاربند کرے، بنی گالا ریگولرائز ہوجائے باقی املاک ریگولرائز نہ ہوں ایسا نہیں ہوگا، وقت آگیا ہے، لوگ دو نہیں ایک پاکستان کی بات کریں ، پی ٹی آئی کے لوگ بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، سندھ میں گیس پیدا ہوتی ہے مگر عوام کو میسر نہیں ہے . انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریبا 16 فیصد کمی آچکی ہے لیکن حکومت نے ملک کے اندر ابھی تک پیٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی کیونکہ یہ سلیکٹڈ لوگوں کی حکومت ہے انکو عوام کی پرواہ نہیں جبکہ مہنگائی، بے روزگاری افلاس اور بھوک اس وقت ملک کا سب سے بڑامسئلہ بن چکا ہے . . .

متعلقہ خبریں