کھٹے میوے اور انگور ذیابیطس کے خطرے سے بچاؤ میں مددگار ثابت، نئی تحقیق

اٹلی(قدرت روزنامہ)اٹلی کے محققین نے حال ہی میں ایک مطالعہ شائع کیا ہے جس میں یہ ظاہر ہوا ہے کہ کھٹے میوے اور انگور کے قدرتی عُناصر ٹائپ‑2 ذیابیطس اور پیش ذیابیطس کے شکار افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق کھٹے میوے اور انگور کے عُناصر بلڈ شوگر کو معمول پر لانے اور کولیسٹرول کی سطح بہتر کرنے میں مددگار ہیں۔

مطالعے میں 18 سے 75 سال کی عمر کے 60 افراد شامل تھے جن کی فاسٹنگ بلڈ گلوکوز معمول سے زیادہ تھی، شرکاء کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کو روزانہ لیموں، ریڈ انگور، ہیسپرڈن اور 250 مائیکروگرام کرومیم پر مشتمل سپلیمنٹ دی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کو پلیسبو فراہم کیا گیا۔

چھ ماہ کے بعد سپلیمنٹ لینے والے گروپ میں فاسٹنگ بلڈ گلوکوز کی سطح 114 mg/dL سے کم ہوکر 94 mg/dL ہو گئی، جبکہ پلیسبو والے گروپ میں معمولی کمی دیکھی گئی، اس کے علاوہ برا کولیسٹرول (LDL) کم اور اچھا کولیسٹرول (HDL) بڑھا، جبکہ ٹرائیگلسرائیڈز کی سطح بھی بہتر ہوئی۔

محققین کے مطابق یہ سپلیمنٹ صحت مند غذا کے ساتھ استعمال ہونے پر پیش ذیابیطس کے شکار افراد کو ٹائپ‑2 ذیابیطس سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ تاہم محققین نے اس بات پر زور دیا کہ مطالعہ محدود تعداد اور BMI 30 سے کم افراد پر مشتمل تھا، اس لیے مزید وسیع پیمانے پر تحقیق کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert