بیچنا ہے تو ٹھیک، خریدنے کا ارادہ چھوڑ دیں! پاکستان میں آج سونا مزید مہنگا، نئی قیمتیں کہاں پہنچ گئیں؟

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں پیر کے روز نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو عالمی منڈی میں ہونے والی بڑھوتری کے اثرات کی عکاسی کرتا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1300 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 23 ہزار 862 روپے ہو گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1115 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 3 لاکھ 63 ہزار 393 روپے پر پہنچ گئی۔
یہ اضافہ اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سونا 1600 روپے کمی کے ساتھ 4 لاکھ 22 ہزار 562 روپے فی تولہ پر آ گیا تھا۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سونا 4015 امریکی ڈالر فی اونس (20 ڈالر پریمیم سمیت) پر پہنچ گیا جو ایک دن میں 13 ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان میں چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 25 روپے بڑھ کر 5152 روپے تک جا پہنچی۔
دوسری جانب، پیر کے روز عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں نسبتاً مستحکم رہیں۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے قریبی مدت میں شرحِ سود میں کمی کے امکانات کم ہونے کی وجہ سے سونے کے ریٹ میں اضافہ محدود رہا۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی نے بھی قیمتی دھات کی طلب پر اثر ڈالا۔
بین الاقوامی وقت 0504 جی ایم ٹی کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4000اعشاریہ 65 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز (دسمبر ڈیلیوری کے لیے) 0اعشاریہ 4 فیصد اضافے کے ساتھ 4010 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئے۔
سونا اب بھی 20 اکتوبر کو ریکارڈ کی گئی 4381اعشاریہ 21 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح سے تقریباً 9 فیصد کم ہے۔
