شاہ رخ خان پر فلم ’’کنگ‘‘ میں ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ کی کاپی کرنے کا الزام

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو حال ہی میں اپنی آنے والی فلم “کنگ” کے لیے امریکی اداکار بریڈ پٹ کے مشہور ایف ون لک کی نقل پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق فلم کنگ کا پہلا منظر شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا، جس میں وہ چمڑے کی بھوری جیکٹ، نیلی قمیص اور چمکدار دھوپ کے چشمے میں دکھائی دیے، جس کا موازنہ کئی سوشل میڈیا صارفین نے فوری طور پر بریڈ پٹ کے ایف ون فلمی انداز سے کیا۔
سوشل میڈیا پر چند صارفین نے لکھا کہ شاہ رخ خان کا لباس، بالوں کا رنگ اور اسٹائل بالکل براد پٹ کے جیسا ہے، جب کہ دیگر نے کہا کہ یہ محض اتفاق یا فیشن کی مماثلت ہو سکتی ہے۔
ہدایتکار سدھارتھ آنند نے اس تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آج کل لوگوں کو ہر بات پر اعتراض کرنے کی عادت ہو گئی ہے، کچھ ناظرین ہر چھوٹی چیز کو تنقید کا باعث بناتے ہیں، لیکن یہ سب ایک فطری حصہ ہے جو ہر بڑے پروجیکٹ کے ساتھ آتا ہے۔
سدھارتھ آنند نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان کی محنت اور تخلیقی انداز کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور انہیں اپنی فلمی صلاحیتوں اور اسٹائل کے لیے پرکھنا چاہیے، نہ کہ صرف کسی بین الاقوامی اداکار کے مشابہت کے لیے۔
دوسری جانب شاہ رخ خان کے مداحوں نے بھی اداکار کے حق میں آواز بلند کی اور کہا کہ “کِنگ” میں ان کا نیا روپ جدید، پُرکشش اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے، جسے تنقید کے بجائے سراہا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ فلم کنگ میں شاہ رخ خان کے ساتھ ان کی صاحبزادی سُہانا خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جب کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور ابھشیک بچن بھی کاسٹ کا حصہ ہیں، یہ فلم شاہ رخ خان اور سدھارتھ آنند کی کامیاب فلم پٹھان کے بعد ایک اور بڑی پیشکش مانی جا رہی ہے۔
