بارشیں اور برفباری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس دوران بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب ا ور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہونے کا امکان ہے، ملک کے دیگر وسطی/جنوبی علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے، ژالہ باری اورگرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، وزیرآباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، نارووال، قصور، شیخو پورہ اور گرد و نواح میں بارش کا امکان ہے۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالم جبہ، کالام، ایبٹ آباد، پشاور، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، کوہستان، صوابی، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، باجوڑ، خیبر، اورکزئی اورکرم میں بارش ہونے کی توقع ہے، وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اورسرد رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ آزادکشمیرمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بارش کاامکان ظاہر کیا ہے،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کاامکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، بالائی علاقوں میں بارشوں، برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے، بارشوں کے باعث کمزور مکانات اور بجلی کے کھمبوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم weather خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہا تاہم مٹھی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ چھائی رہی۔
