نادرا نے خواجہ سراؤں کے لیے رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نادرا نے خواجہ سراؤں کے لیے رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا . ’’جو ہر انسان کے حقوق، وہی ہر خواجہ سرا کے حقوق‘‘ نادرا کی جانب سے 13 دسمبر کو فیلڈ افسران اور دیگر ‏عملہ کے لیے خصوصی تربیت کا انعقاد کیا جائے گا .

تفصیلات کے مطابق نادرا نے خواجہ سراؤں کے لیے رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق نادرا کی جانب سے خواجہ سراؤں کے لیے ’’جو ہر انسان کے حقوق، وہی ہر خواجہ سرا کے حقوق‘‘ کے نام سے مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے . بتایا گیا ہے کہ نادرا کی جانب سے 13 دسمبر کو فیلڈ افسران اور دیگر ‏عملے کے لیے خصوصی تربیت کا انعقاد کیا جائے گا . خواجہ سراؤں کے حقوق کی مہم شروع کرنے کا مقصد معاشرے کے ان حساس پہلوؤں اور ‏خدشات کو دور کرنا ہے جن کی وجہ سے خواجہ سرا شناخت جیسے بنیادی ‏انسانی حق سے محروم رہ جاتے ہیں . میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نادرا، خواجہ سرا برادری کو ‏بااختیار بنانے کے لیے کام کر رہا ہے . نادرا خواجہ سراؤں کی قانونی شناخت کی اہمیت کے بارے میں لوگوں میں اور خاص طور پر خواجہ ‏سرا افراد میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی کام کر رہا ہے . اس ضمن میں نادرا نے 5 ہزار سے زائد خواجہ سراء افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے ‏جنہوں نے صنف کے طور پر اپنے آپ کو مرد یا عورت ظاہر نہیں کیا ہے . مزید تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ملتان میں خواجہ سراؤں کے حقوق پر تقریب منعقد کی گئی . تقریب میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے نادرا آفس میں ٹرانس جینڈرز کے لیے علیحدہ کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے . انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ملتان میں گورنمنٹ کمپری ہینسیو اسکول میں قائم پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر اسکول میں ٹرانس جینڈرز کے حقوق پر تقریب کا انعقاد ہوا . تقریب میں ٹرانس جینڈر اسکول کے طلباء نے کمیونٹی سے متعلق مسائل پر خاکے پیش کیئے . ڈائریکٹر جنرل نادرا عمران علی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کو سزا دے رہے ہیں جن کا کوئی قصور نہیں . انہوں نے کہا کہ نادرا ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرے گا اور ہم نادرا کے دفتر میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے علیحدہ کائونٹر قائم کریں گے . اس موقع پر سیکریٹری ایجوکیشن ساؤتھ پنجاب احتشام انور نے کہا کہ ٹرانس جینڈرز کے لیے پہلا اقدام تعلیم کے دروازے کھولنا ہے . انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ میں ٹرانس جینڈرز کے لیے ایکس کے لفظ کو تبدیل کرنے کی نادرا سے درخواست کی گئی ہے . . .

متعلقہ خبریں