مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی سانس کی تکلیف کے باعث 2 ہفتے سے اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
علالت کے باعث انہوں نے 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر تھے اور صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔
سینیٹر عرفان مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے، وہ سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین بھی تھے۔
قبل ازیں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا تھا کہ سینئیر سیاستدان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما سینیٹر عرفان صدیقی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے، انہیں شدید علالت کے بعد وینٹیلیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔


وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا عرفان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سینیٹر اور ممتاز دانشور عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عرفان صدیقی ایک کہنہ مشق قلمکار، شفیق استاد، سنجیدہ سیاستدان اور علم و ادب سے گہری وابستگی رکھنے والی شخصیت تھے۔ ان کی علمی بصیرت، فکری گہرائی اور قومی معاملات پر متوازن رائے نے ہمیشہ رہنمائی فراہم کی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ عرفان صدیقی نے بطور سینیٹر، کالم نگار اور محقق پاکستان کے فکری و سیاسی منظرنامے پر گہرے نقوش چھوڑے۔ وہ ایسی شخصیت تھے جنہوں نے قومی گفتگو میں سنجیدگی، شائستگی اور دلیل کا چلن متعارف کرایا۔
انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی اور کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال پاکستان کے فکری و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert