عرفان صدیقی کا انتقال پاکستان کے فکری و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سینیٹر اور ممتاز دانشور عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیرِ اعلیٰ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عرفان صدیقی ایک کہنہ مشق قلمکار، شفیق استاد، سنجیدہ سیاستدان اور علم و ادب سے گہری وابستگی رکھنے والی شخصیت تھے۔ ان کی علمی بصیرت، فکری گہرائی اور قومی معاملات پر متوازن رائے نے ہمیشہ رہنمائی فراہم کی وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ عرفان صدیقی نے بطور سینیٹر، کالم نگار اور محقق پاکستان کے فکری و سیاسی منظرنامے پر گہرے نقوش چھوڑے۔ وہ ایسی شخصیت تھے جنہوں نے قومی گفتگو میں سنجیدگی، شائستگی اور دلیل کا چلن متعارف کرایا وزیرِ اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال پاکستان کے فکری و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
