سندھ طاس معاہدہ؛ پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کا نوٹس لے لیا

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کے خلاف شروع کی گئی ثالثی کارروائی کے سلسلے میں ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے نے معاہدے کی عمومی تشریحات سے متعلق 8 اگست 2025 کو جاری کئے گئے عدالتی ایوارڈ کے بعض پہلوؤں پر مفید وضاحت فراہم کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستان نے اس فیصلے کے ساتھ جاری کیے گئے عدالتی طریقہ کار سے متعلق احکامات کا بھی نوٹس لیا ہے، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ عدالت کارروائی کو مرحلہ وار انداز میں آگے بڑھائے گی اور ساتھ ہی آرٹیکل 9 اور ضمیمہ ایف کے تحت نیوٹرل ایکسپرٹ کے سامنے جاری کارروائیوں کو بھی مدنظر رکھے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائیاں بھارت کی درخواست پر شروع کی گئی تھیں اور ان کا اگلا مرحلہ 17 سے 21 نومبر 2025 تک ویانا میں منعقد ہوگا۔ تاہم بھارت نے ان کاروائیوں کی پیروی روک دی ہے، جس کے باوجود پاکستان نیک نیتی کے ساتھ نیوٹرل ایکسپرٹ کی کارروائیوں میں حصہ لے رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نیوٹرل ایکسپرٹ نے اپنے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ بھارت کی عدم شمولیت کارروائی کے تسلسل میں کسی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی، اور یہ عمل جاری رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert