سرمایہ کاروں کیلئے خوشخبری! اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دم توڑنے لگا، 100 انڈیکس میں 836 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ ٹریڈنگ کے ابتدائی سیشن میں 100 انڈیکس 836 پوائنٹس یا 0.53 فیصد اضافے کے ساتھ 158,706 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں مختلف شعبوں میں خریداری دیکھنے میں آئی جن میں آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، تجارتی بینک، کھاد، تیل و گیس، بجلی پیدا کرنے والی اور ریفائنری کمپنیز شامل ہیں۔ ایم ای بی ایل، ایف ایف سی، پی پی ایل، او جی ڈی سی، ماری، حبکو، این بی پی اور یو بی ایل بھی مثبت زون میں نظر آئے۔
یاد رہے کہ منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے میں آئی تھی۔ ایس ای 100 انڈیکس 3,667.90 پوائنٹس یا 2.27 فیصد کمی کے بعد 157,870.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس کی بڑی وجہ ملک میں غیر یقینی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال تھی۔
دوسری جانب اقتصادی امور کے مطابق پاکستان نے مختلف آئی ایم ایف پروگرامز کے تحت کل 1.90 ارب ایس ڈی آر (تقریباً 2.69 ارب امریکی ڈالر) سود کی مد میں ادا کیے، جس میں 2008 سے جون 2025 تک 401.24 ملین ایس ڈی آر کے اضافی چارجز بھی شامل ہیں۔
