وزیراعلیٰ مریم نواز سے ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی کی اہم ملاقات

لاہور ( قدرت روزنامہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ورلڈ بینک کی ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی نے برازیل کے شہر بیلم میں کوپ30 کانفرنس میں ملاقات کی۔ملاقات میں ماحولیاتی بہتری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ویلیری ہیکی نے پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے ماحول دوست اقدامات اور جذبے کو سراہا۔
اس موقع پرگلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ورلڈ بینک کی جانب سے ماحولیاتی شعبے میں بھرپور معاونت کی پیشکش کی۔ عالمی بینک نے پنجاب حکومت کو عالمی ماحولیاتی مارکیٹ میں شمولیت کی دعوت دی اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی،جوکہ انہوں نے قبول کرلی۔ ویلیری ہیکی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے نکات کو بھی سراہا۔ ورلڈ بینک کی ماحولیاتی تبدیلی گروپ کی گلوبل ڈائریکٹر ویلیری ہیکی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ”کلائمیٹ چینج وارئیر“ اور ”کلائمیٹ لیڈر“ قرار دے دیا۔ ویلیری ہیکی نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو اُن کی تقریر کے3 اقتباس بھی سنائے۔
ویلیری ہیکی نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز جنوبی ایشیا ءسے ”کلائمیٹ چینج وارئیر“بن کر ابھری ہیں۔ ستھرا پنجاب، اے کیوآئی، ٹرانسپورٹ، جنگلات، جنگلی حیات کے منصوبوں میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ ماحولیاتی بہتری کے منصوبے پنجاب کی عالمی سطح پر شناخت اور عزم کی علامت بن کر سامنے آئے ہیں۔ ایک خاتون وزیراعلیٰ کے طورپر آپ ماحولیاتی شعبے میں عزم وہمت اور تخلیق کی مثال بنی ہیں جس پر خوشی ہے۔
ویلیری ہیکی نے مزید کہا کہ آپ کا یہ جملہ مجھے بہت پسند آیاکہ ”کوپ30 کو محض اظہارِ خیال کی مجلس کے بجائے پختہ عزم اورارادے کے عہد کے طورپر یاد رکھا جانا چاہیے“۔ آپ نے درست کہا کہ ”گلوبل ساؤتھ احتجاج نہیں، بامقصد آوازبن کر سامنے آیا ہے“۔ آپ کی اس بات سے پوری طرح متفق ہوں کہ ”ماحول کی بہتری خیرات نہیں، انصاف ہے“۔ پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے لئے آپ کے منصوبے متاثر کن ہیں۔ پنجاب حکومت کا کسی کا انتظار کئے بغیر ماحول کی بہتری کے ایجنڈے پر کام شروع کرنا لائق تحسین ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ویلیری ہیکی کے جذبات اور تحسین پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو خطے ہی نہیں، پوری دنیا میں ماحولیاتی بہتری کی ایک قابل تقلید مثال بنانا چاہتی ہوں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا ء راناسکندرحیات، ذیشان رفیق،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، چیئر مین پی اینڈ ڈی نعیم رؤف اورڈی جی ای پی اے عمران حامدبھی ملاقات میں موجود تھے۔
