خضدار اور گردونواح میں3.8 شدت کا زلزلہ، لوگ خوف میں مبتلا

خضدار(قدرت روزنامہ) خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا . جیونیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے سے خوف زدہ لوگ کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے اپنے گھروں، دکانوں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے .

زلزلہ پیما مرکزکا کہنا ہے کہ ریکٹراسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 اور زلزلے کی گہرائی 30 کلومیٹر زیرزمین ریکارڈ کی گئی . زلزلے کا مرکز خضدار سے 108 کلومیٹر جنوب میں تھا، زیرزمین زلزلے کی گہرائی کم ہونے سے شدت زیادہ محسوس کی گئی . زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی . یاد رہے زلزلے ایسی قدرتی آفت ہیں، جس سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں . زلزلوں سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے . پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری بھارتی اور تیسری اریبین ہے . زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں . زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے . زلزلے کی لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب یلغار کرتی ہیں . یاد رہے 08 دسمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق کراچی میں فالٹ لائنز کی موجودگی کا انکشاف ہوا . ڈائریکٹر محکمہ موسمیات زاہد رفیع نے بدھ کی رات کو کراچی میں آنے والے زلزلے کے بعد بتایا کہ شہر قائد کراچی میں فالٹ لائنز موجود ہیں . . .

متعلقہ خبریں