ایف بی آر کاایک ہزارارب ٹیکس چوری روکنے کیلئے انوکھااقدام ٗ پوائنٹ آف سیل پر خریداری کرنیوالوں کیلئے زبردست انعامی اسکیم کااعلان کر دیا

لاہور(قدرت روزنامہ)ملک میں ریٹیل سیکٹر میں سالانہ ایک ہزار ارب روپے کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے،ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کیلئے پوائنٹ آف سیل پر خریداری کرنے والوں کیلئے انعامی اسکیم کا اعلان کردیا . فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ملک میں ریٹیل کاروبار کرنے والے 70 لاکھ تاجر سالانہ 18 ہزار ارب سے 20 ہزار ارب کا کاروبار کرتے ہیں لیکن ٹیکس ریڈار پر صرف ساڑھے 3 سے 4 ہزار ارب کا کاروبار ہی موجود ہے .

ایف بی آر حکام کے مطابق پوائنٹ آف سیل سسٹم متعارف کرانے کا مقصد سالانہ ایک ہزار ارب کی ٹیکس چوری روکنا ہے . ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ پوائنٹ آف سیل پر جمع ہونے والا17 فیصد ٹیکس یقینی بنانا ہے کہ وہ قومی خزانے کا حصہ بنے، یہ کوئی نیا ٹیکس نہیں بلکہ ٹیکس وہاں جمع ہورہا ہے لیکن قومی خزانے میں جمع نہیں ہورہا . ایف بی آر نے ٹیئر ون کیٹیگری کے ریٹیلرز سے خریداری کرنے والوںکیلئے ماہانہ 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے انعامات کا اعلان بھی کردیا . پہلا انعام 10 لاکھ روپے ہوگا، 5 لاکھ کے 2 اورڈھائی لاکھ کے 3 انعامات شامل ہیں، ایک ہزار افراد کو 50 ہزار روپے فی کس انعام بھی ملے گا، شمولیت کیلئے پکی رسید کی ٹیکس آسان موبائل ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے ایف بی آر سے تصدیق کرانا ہوگی، پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری کو ہوگی . ایف بی آر کے مطابق ٹیئر ون کے رجسٹرڈ ریٹیلرز 2 ہزار 560 ہیں اور ان کے آئوٹ لیٹس یا برانچز کی تعداد 11 ہزار 350 ہے، اب تک 15 ہزار کیش کائونٹرز پوائنٹ آف سیل سے منسلک ہوچکے ہیں . . .

متعلقہ خبریں